اسلام آباد: پاکستان کے مشرقی صوبہ پنجاب میں ہفتہ کے روز ایک مسافر گاڑی میں آگ لگنے سے کم از کم سات لوگوں کی موت ہوگئی اور 14 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع پولس حکام نے اتوار کے روز دی ہے۔ پولس نے بتایا کہ حادثہ صوبہ پنجاب میں ضلع سرگودھا کے شہر بھلوال میں گاڑی میں نصب پٹرولیم گیس سلنڈر کے لیک ہونے اور پھٹنے سے پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ دو زخمی مسافروں نے اسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
پولس نے بتایا کہ کم از کم 14 مسافروں کو جھلسنے کے زخم آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس افسوسناک واقعے کے متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ایک عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ مسافر گاڑی میں آگ لگنے سے متعدد لوگ اس قدر جل چکے ہيں کہ ان کی لاشیں شناخت سے پرے ہيں۔واقعے کے بعد پولس اور ریسکیو ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو ٹیم کے اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جن میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ پولس نے آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ (یو این آئی)
مزید پڑھیں:۔ Attack in Khyber Pakhtunkhwa پاکستان میں دستی بم حملے میں ایک ہلاک، گیارہ زخمی