لندن: شمالی انگلینڈ میں 33 سالہ نرس سات نوزائیدہ بچوں کو قتل کرنے کے بعد اپنی باقی زندگی جیل میں گزارے گی۔ برطانوی تاریخ میں بچوں کی بدترین سیریل کلر نرس لوسی لیٹبی کو 7 نومولود بچوں کو قتل کرنے اور مزید چھ بچوں کو قتل کرنے کی کوشش کے جرم عمرقید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے کاؤنٹیز آف چیسٹر اسپتال میں بچوں کے وارڈ میں کام کرنے والی نرس لوسی لیٹبی پر7 نوزائیدہ بچوں کو انسولین کے ذریعے زہر دے کر قتل کرنے اور مزید چھ بچوں کو جان سے مارنے کی کوشش کے الزامات ثابت ہوئے تھے۔ زیر سماعت مقدمے کے دوران پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا تھا کہ 2015-2016 کے عرصے میں کاؤنٹیز آف چیسٹر اسپتال میں ملازمت کرنے والی 33 سالہ نرس لوسی لیٹبی نے 5 نوزائیدہ لڑکوں اور 2 نو زائیدہ لڑکیوں کو قتل کیا۔
مانچسٹر کراؤن کورٹ میں اس کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے، جج جسٹس گراس نے پیر کو کہا کہ تم نے اس طرح سے کام کیا جو بچوں کی پرورش اور دیکھ بھال کی عام انسانی جبلت کے بالکل خلاف تھا اور تم نے جان بوجھ کر انہیں مارنے کے ارادے سے بچوں کو نقصان پہنچایا۔ جس کے بعد جج نے کہا کہ آپ اپنی باقی زندگی جیل میں گزاریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
کیس کی سماعت کے بعد سیریل کلر نرس لوسی لیٹبی پر ان کی غیر موجودگی میں فرد جرم عائد کی گئی تھی جبکہ لوسی لیٹبی کی لیگل ٹیم نے بھی عدالت میں کہا کہ ان کی موکلہ جیل سے ویڈیو لنک پر کارروائی کو نہیں دیکھنا چاہتی۔ اس کے علاوہ نرس نے سزا سننے کے لیے عدالت میں حاضر ہونے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ دوسری طرف وزیراعظم رشی سونک نے کہا کہ مجرموں کو سزا سننے کے لیے عدالت میں حاضری سے متعلق قانون سازی کریں گے۔