روسی صدر ولادی میر پوتین نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا۔
ولادیمیر پوتین کا بارہ سال کے بعد سعودی عرب کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس موقع پر سعودی عرب اور روس کے درمیان دو ارب ڈالرز سے زیادہ مالیت کے معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط ہونے کی امید ہے۔
مہمان صدر سعودی قیادت سے تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور روس کی قیادت میں غیر اوپیک ممالک کے درمیان تیل کی پیداوار سے متعلق سمجھوتے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ روس نے حال ہی میں کہا ہے کہ وہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور اس سمجھوتے کو برقرار رکھے گا۔
روسی صدر ولادی میر پوتین نے کہا ہے کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
انھوں نے یہ بات پیر کو ریاض میں سرکاری دورے پر آمد کے بعد شاہ سلمان سے ملاقات میں کہی ہے۔ ان کے درمیان یہ بات چیت ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کی گئی ہے۔ صدر پوتین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 90 برس سے سفارتی تعلقات استوار ہیں اور گذشتہ برس ان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے پورے خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب اور روس کے درمیان تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
شاہ سلمان نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور روس کے درمیان دوطرفہ سمجھوتوں کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ روسی صدر کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کا موقع ملے گا۔
صدر پوتین کے اس دورے کے موقع پر سعودی عرب اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں دو ارب ڈالرز سے زیادہ مالیت کے معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط متوقع ہیں۔