بھارت اور قطر سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے ایک ٹاسک فورس کے قیام کی طرف بڑھ رہے ہیں اور ساتھ ہی دونوں ممالک باہمی تجارت کو بھی کل وقتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
اس شراکت داری سے دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی سرمایہ کاری کا سلسلہ قائم ہوگا۔ قطر میں بھارت کے سفیر ڈاکٹر دیپک متل نے ایک انٹرویو میں اس طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر دیپک متل نے اپنے انٹرویو میں بتایا 'قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی (کیوآئی اے) سرمایہ کاری کے فروغ کے سلسلے میں بھارت میں ایک دفتر کھولنے جارہی ہے۔ رواں سال قطر میں ایک انڈین یونیورسٹی کا پہلا کیمپس اور تین نئے انڈین اسکول کھولنے کا منصوبہ ہے'۔
انٹرویو میں ڈاکٹر متل نے مزید بتایا 'قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی بھارت میں ایک نیا دفتر قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت کے لئے سرمایہ کاری اولین ترجیح ہے۔ گذشتہ برس دسمبر میں وزیراعظم نریندر مودی اور قطرکے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے درمیان گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ بھارت اور قطر کے درمیان سرمایہ کاری سے متعلق مشترکہ ٹاسک فورس قائم کیا جائے گا جو بھارت اور قطر کے مابین سرمایہ کاری کے لئے سہولت فراہم کرے گا'۔
قطر اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تجارت کے سلسلے میں ڈاکٹر متل نے کہا '6000 سے زیادہ بھارتی کمپنیاں پہلے ہی قطر میں تعمیراتی وتوانائی، انفارمیشن ٹکنالوجی، خوراک اور مشروبات، سروس انڈسٹری، ہوسپیٹیلیٹی سیکٹر، تعلیم کے شعبہ سمیت بہت سے شعبوں میں موجود ہیں'۔
انہوں نے کہا 'وبا کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں زبردست اضافہ ہواہے، جو اس سال مارچ میں بھارتیہ مالی سال کے آخر تک تقریبا 11 بلین ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے'۔
قطر میں مقیم بھارت طلبہ کی تعلیم کے سلسلے میں ڈاکٹر متل نے کہا 'سنہ 2021میں قطر میں تین نئے انڈین اسکول کھولے جانے کی امید ہے۔ ابھی ہمارے پاس قطر میں 18 انڈین اسکول ہیں اور تقریبا 50,000 طلبہ زیر تعلیم ہیں'۔
یہ بھی پڑھیے
کووڈ -19 : جاپان میں قومی سطحی ٹیکہ کاری کی مہم شروع
انہوں نے بتایا 'تعلیم مکمل کرنے کے بعد بھارتی طلبہ وطالبات اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لئے بھارت یا دیگر مقامات پر جاتے ہیں لیکن اب انہیں قطر میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ اس کے لئے اس سال کے آخر تک قطر میں پونے میں واقع ساوتری بائی پھولے یونیورسٹی کا کیمپس کھولنے کے لئے کام جاری ہے جو وہاں شعبہ ہیومینیٹیز اور کامرس ڈپارٹمنٹ قائم کرے گا'۔