فلسطین نے غزہ کی پٹی میں واقع میڈیا کے دفاتر پر اسرائیلی حملے پر عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں اپیل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ اطلاع روس میں فلسطینی سفیر عبدالحافظ نوفل نے پیر کے روز اسپوتنک کو دی ہے۔
عبد الحافظ نوفل نے کہا کہ "اپنی طرف سے ہم یہ معاملہ دوسرے معاملوں کے ساتھ اٹھانے جارہے ہیں، کیوں کہ غزہ پر اسرائیلی حملہ ایک جرم ہے اور ہم اسے عالمی فوجداری عدالت لے جارہے ہیں"۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں واقع 15 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس میں ایسوسی ایٹ پریس اور الجزیرہ سمیت بین الاقوامی میڈیا ایجنسیوں کے دفاتر قایم تھے۔ غیر سرکاری تنظیم 'رپورٹرس ود آؤٹ بارڈرس' کے نامہ نگاروں نے آئی سی سی کی چیف پراسکیوٹر فاتو بینسودا سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں میڈيا کے دفاتر پر اسرائیلی فضائی حملوں کو اپنی تفتیش میں شامل کریں۔
(یو این آئی)