کرناٹک کے میسور کی ایک 37 سالہ خاتون اور اس کے دو بچوں کے بہیمانہ قتل نے آئرلینڈ کے شہر جنوبی ڈبلن کے ایک چھوٹے سے نواحی علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق آئرلینڈ کے نواحی علاقہ لیلی ولن کورٹ میں 37 سالہ سیما بانو سید، ان کی 11 سالہ بیٹی اسفیرہ رضا اور چھ سالہ بیٹا فیضان سید کو جمعہ 30 اکتوبر 2020 کو ان کے گھر ہی میں بے رحمی سے گلا دبا کر قتل کردیا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق ان تینوں کی لاشیں ملنے سے تقریبا پانچ دن قبل انھیں ہلاک کیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ خاندان ایک برس سے بھی کم عرصے سے آئرلینڈ میں مقیم تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیما کے شوہر سمیر سید شہر سے باہر تھے، جنھیں بعد میں اس واقعے سے آگاہ کیا گیا۔
سمیر دراصل کرناٹک کے میسور سے تعلق رکھتے ہیں۔ سمیر آئرلینڈ میں ملازمت ملنے کے بعد رواں برس فروری میں دبئی سے آئرلینڈ منتقل ہوگئے تھے۔
آئرلینڈ میں ڈنڈرم گردہ اسٹیشن نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد قتل کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
آئرش پولیس نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ قتل پچھلے ہفتے (بینک ہالی ڈے ویکینڈ) کے دوران ہوا۔
مقتول خاتون سیما بانو سید کے پڑوسیوں نے پولیس سے شکایت کی تھی کہ ان کے پڑوسی اور ان کے بچے گزشتہ کئی دنوں سے نظر نہیں آرہے ہیں۔
آئرش پولیس کے مطابق اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔