فرانسیسی اخبار لی فگارو نے فرانس کی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ اس متنازعہ پنشن اصلاحات کے خلاف جمعرات کو آٹھ لاکھ سے زیادہ لوگوں نے ملک بھر میں سڑکوں پر اتر کر احتجاج مظاہروں میں حصہ لیا۔
احتجاج اور ہڑتال کی وجہ سے زیادہ تر اسکول اور دفاتر بند رہے۔ فرانس کے کئی حصوں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
پیرس میں اب تک 80 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ فرانس میں ملازم طبقہ پنشن اسکیم میں مجوزہ اصلاحات سے کافی ناراض ہے اور اس کی مخالفت کر رہا ہے۔
حکومت کی نئی تجاویز کے تحت سبکدوش ہونے کی عمر بڑھانے کی منصوبہ بندی ہے۔ ان اصلاحات کے تحت طے شدہ وقت سے پہلے سبکدوش ہونے والے افراد کو کم رقومات ملے گی۔
پنشن اصلاحات کے خلاف ہو رہے احتجاجی مظاہروں اور ہڑتال میں اساتذہ اور ٹرانسپورٹ ملازمین کے علاوہ پولیس، وکیل، ہسپتالوں کے ملازمین، ہوائی اڈے کے ملازمین اور دیگر کاروباری لوگ بھی شامل ہو گئے ہیں۔