اقوام متحدہ نے سری لنکا خوکش حملے کے قصورواروں کو سزا دلانے کی اپیل کی اور متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹونیو گوئترس کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے حملوں میں مارے گئے لوگو ں کے کنبوں، سری لنکا کے لوگوں اور حکومت کے ساتھ گہری ہمدردی ظاہر کی ہے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
سری لنکا میں اتوار کے روز ایسٹر کے موقعے پر سلسلہ وار بم دھماکوں میں 32 غیرملکی شہریوں سمیت کم از کم 290 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 500 افراد زخمی ہو گئے۔
میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اتوار کی صبح تقریبا آٹھ بجکر 45 منٹ پر تین چرچوں اور تین پانچ ستارہ ہوٹلوں کو نشانہ بناکر کم از کم آٹھ دھماکے کئے گئے تھے۔ سری لنکا کی پولیس نے اسے منصوبہ بند حملہ قرار دیا ہے۔
میڈیا کی رپورٹوں میں بتایا گیا کہ سری لنکا ئی حکام نے حملوں کے سلسلہ میں 13لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔
اب تک کسی بھی شدت پسند گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔