چین اور دیگر ممالک میں اسٹیل برآمد کے امکانات بڑھے: چودھری - steel export News
پبلک سیکٹر کمپنی اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا (سیل)کے چیئرمین انل کمار چودھری نے کہا کہ' کورونا وبا نے ہمارے لئے مواقع کے نئے دروازے کھول دیے ہیں، چین اور دیگر ممالک کو اسپات برآمد کرنے کے نہ صرف امکانات بڑھے ہیں بلکہ آرڈر بھی ملنے لگے ہیں۔

چودھری نے کورونا وبا کے چیلنج اور مواقع سے متعلق یو این آئی سے بات چیت میں کہا کہ اس انفکشن سے چین، جنوب مشرقی ایشیائی اور افریقی ممالک کو اسٹیل برآمد کرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسے معلوم تھا کہ کووڈ-19 وبا سے جوجھ رہے چین میں اچانک اسٹیل کے مطالبے میں اس قدر تیزی آجائے گی کہ ہم اسے برآمد کریں گے۔
جنوب مشرق ایشیائی اورافریقی ممالک سے بھی کافی مطالبہ آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا کے اہم اسٹیل پیدا کرنے والے ممالک میں پیداوار بند ہے یا پھر وہ اپنی صلاحیت سے بہت کم پیداوار کررہے ہیں تو یقیناً یہ ہمارے لئے موقع ہے کیونکہ ہم نے پورے منصوبے اور حفاظتی انتظامات کے ساتھ اسپات کی پیداوار کو جاری رکھا۔
ان ممالک سے ہم نے مئی تک پانچ لاکھ ٹن سے زائد کی برآمدات کا آرڈر بک کیا ہے اور مئی کے آخر تک تقریباً دولاکھ ٹن آرڈر کی سپلائی بھی پوری کی جاچکی ہے۔
نیپال ہمارا تجارتی شراکت دار ہے، وہاں سے بھی آڈر شروع ہوگیا ہے۔کورونا سے پیدا مواقع سے فائدہ حاصل کرنے کے لئے ہم پوری طرح تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے لاک ڈاؤن کے اعلان سے قبل ہی صورت حال کا اندازہ کرلیا تھا اور اس سے نمٹنے کے لئے ایک وسیع حکمت عملی پر کام کرنا شروع کردیا تھا۔یہی وجہ ہے کہ لاک ڈاؤن کے باوجود گذشتہ اپریل میں ہمارا پروڈکشن 50 فیصدی سے نیچے نہیں آیا اور مئی میں ہم اسے 45 فیصدی سے زیادہ بنائے رکھنے میں کامیاب رہے۔