محض چار سال کی عمر میں عرش فاطمہ نے مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل (ایم سی پی) کے منعقد کردہ امتحان میں 831 نمبرات حاصل کرکے نہ صرف سب کو حیران و ششدر کردیا بلکہ اہل خانہ کو مسرت کا ایک بڑا موقع بھی فراہم کردیا۔ حکومت پاکستان نے جمعہ کو ٹویٹر کے ذریعے اس بات کی خبر دی اور بچی کو نیک خواہشات پیش کیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق، ایم سی پی کے امتحان میں کامیاب ہونے کے لئے کم از کم اسکور 700 ہے جبکہ عرش نے بڑی اور تاریخی کامیابی حاصل کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا اور اپنے ملک کا نام روشن کردیا۔
عرش کے والد اسامہ جنہوں نے خود بھی بہت چھوٹی عمر میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا، نے بتایا کہ کورونا وائرس اور اس کے بعد نافذ ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے کام کرتے ہوئے انہوں نے اپنی بیٹی کی آئی ٹی (انفارمیشن ٹکنالوجی) میں دلچسپی دیکھی اور اس ٹیسٹ میں اس کی مدد کی۔
اسامہ بھی آئی ٹی کے ماہر ہیں اور اپنی بچی کو اس شعبے میں حیران کن مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھ کر کافی خوش ہیں۔
عرش کے والدین کہتے ہیں کہ ان کی بیٹی "انتہائی قابل ہے اور اس میں غیر معمولی صلاحیتیں ہیں''۔