پاکستان میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 5000 سے تجاوز کر گئی ہے، ان سبھی متاثرین میں سے نصف افراد صوبہ پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں۔
ملک میں 15 اپریل کے بعد یہ فیصلہ لیا جائے گا کہ لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کی جائے یا نہیں۔
وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا 'حکومت لاک ڈاؤن کے متعلق 15 اپریل کو فیصلہ لے گی'۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں 10 اپریل تک خیبر پختونخواہ میں کورونا وائرس کے 620 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 201 افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ان 201 افراد میں سے 181 کی حالت بہتر ہے لیکن 20 افراد کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ابھی تک علاقے میں وائرس سے 22 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کووڈ-19 کے سب سے زیادہ کیسز ہیں لیکن خیبر پختونخواہ میں سب سے زیادہ سنگین نوعیت کے کیس موجود ہیں۔
پاکستان میں کووڈ-19 کے کیسز پنجاب، سندھ، خیبر پختونخواہ، گلکٹ بلتستان، اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سامنے آرہے ہیں۔
ملک میں کووڈ-19 سے اب تک 86 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 1000 افراد اس وائرس سے نجات پا کر صحتیاب ہو گئے ہیں۔