افغانستان کے دارالحکومت کابل میں آج ہوئے ایک کار بم دھماکے میں 9 لوگوں کی موت ہو گئی۔ وہیں اس حملے میں 20 سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
زخمیوں میں بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دھماکے سے تین گاڑیوں کو آگ لگ گئی جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔
افغانستان کے حفاظتی دستوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اس حملے کو افغانستان کے رکن پارلیمنٹ خان محمد وارڈاک کو نشانہ بنا کر انجام دیا گیا۔ اس حملے میں رکن پارلیمنٹ خان محمد وارڈاک محفوظ بتائے جا رہے ہیں۔
حملہ اس وقت انجام دیا گیا جب رکن پارلیمنٹ خان محمد وارڈاک کابل میں ایک راستے سے گزر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق یہ ایک بہت طاقتور دھماکہ تھا جس سے اطراف میں کافی نقصان پہنچا ہے۔ حفاظتی دستوں کے مطابق حملے کے بعد ایک کار بم کو ناکارہ بنایا گیا ہے۔