بنگلہ دیش کے سیکریٹری دفاع عبدللہ المحسن چودھری کی آج ڈھاکہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے موت ہو گئی۔
ان کی طبیعت چند روز سے ناساز تھی، جوائنٹ ملٹری اسپتال میں صبح ساڑھے نو بجے ان کا انتقال ہو گیا۔
وزارت دفاع کی ایڈیشنل سکریٹری سالینہ حق نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور بیٹی ہے۔ وہ وزیراعظم کے سابق پرنسپل سکریٹری کمال عبدالناصر چودھری کے چھوٹے بھائی تھے۔
اس سے قبل صبح اسی اسپتال میں آزادی جنگ امور محکمہ کے وزیر اے کے ایم مزمل حق کی اہلیہ کا بھی کورونا کے سبب انتقال ہوگیا تھا۔
بنگلہ دیش میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 4014 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد پیر کے روز ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 141000 کو پارکر چکی ہے۔
وزارت صحت کی ترجمان نسیمہ سلطانہ نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں متاثرہ افراد کی تعداد 141801 ہوگئی ہے۔ اس عرصے کے دوران مزید 45 افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1783 ہوگئی ہے۔