عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبر دار کیا ہے کہ تقریبا چھ ماہ گزر جانے کے بعد بھی کورونا وائرس کا وبائی مرض ابھی ختم ہونے کی دہلیز پر بھی نہیں پہنچا۔
ٹیڈروس ادہانوم نے لوگوں کی زندگی بچانے کے لئے عالمی سطح پرنئے سرے سے کورونا مخالف عزم کرنے کا مطالبہ کیا، کیونکہ دنیا بھر میں یہ کیسز ایک کروڑ سے تجاوز کرچکے ہیں جبکہ 500،000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ وائرس پھیلتا ہی جارہا ہے۔
انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ 'سب چاہتے ہیں کہ یہ ختم ہوجائے اور ہم سب اپنی زندگیوں کے ساتھ رواں دواں ہو جائیں لیکن مشکل حقیقت یہ ہے کہ اس وبا نے ابھی تک ختم ہونے کی چوکھٹ پر بھی قدم نہیں رکھا'۔
انہوں نے کہا کہ 'اگرچہ بہت سے ممالک نے کچھ پیشرفت کی ہے، لیکن عالمی سطح پریہ وبائی مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہم سب کو ابھی ایک طویل سفر طے کرنا ہے'۔