تلنگانہ حکومت نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کی خوشی پر سال 1982 کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ' گاندھی' کو 9 سے 22 اگست تک ریاست بھر کے 552 سنیماگھروں میں دکھائے گی۔ اس قدم کے تحت کل 22 لاکھ بچے یہ فلم ہندی اور تیلگو زبان میں دیکھ پائیں گے۔75 Years of Independence
وزیراعلی چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ اسکریننگ سے بچوں کو آزادی کی جدوجہد کے بارے میں تعلیم دینے میں مدد ملے گی ۔ راؤ نے پیر کے روز ایک تقریب میں دو ہفتوں تک رچرڈ ایٹنبورو کی فلم 'گاندھی' کو سنیماگھروں میں دکھانے کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ وزیراعلی نے سنیماٹوگرافی کے وزیر تلاسانی سرینواس یادو اور چیف سیکریٹری سومیش کمار کو پختہ انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہیں تاکہ لاکھوں بچے یہ فلم دیکھ سکیں۔
فلم کی نمائش ریاستی حکومت کے زیر اہتمام آزادی کے 75 سال کی تقریبات کا حصہ ہے۔9 سے 11 اگست اور 16 سے 21 اگست کے درمیان 552 سینما گھروں میں صبح 10 بجے سے دوپہر 1.15 بجے تک فلم کی نمائش ہوگی۔ کل 22 لاکھ بچے اس فلم کو دیکھیں گے۔
تنقیدی طور پر سراہی جانے والی فلم گاندھی کی ہدایتکاری رچرڈ ایٹنبرو نے کی تھی اور بین کنگسلے نے گاندھی کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں تحریک آزادی کے دوران مہاتما گاندھی کی زندگی کو دکھایا گیا ہے۔
اس فلم کو گیارہ اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا، جس میں سے اس فلم نے آٹھ اکیڈمی ایوارڈز اپنے نام کیے۔ وہیں فلم کی کاسٹیوم ڈیزائنر بھانو اتھیا بھارتی کو بھی آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔