ابوجا: نائیجیریا نے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی مدبرانہ صلاحیتوں اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں شاندار شراکت کے لئے اپنا قومی اعزاز، گرینڈ کمانڈر آف دی آرڈر آف نائجر سے نوازا، جس سے وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے غیر ملکی معزز شخصیت بن گئے۔
اسٹیٹ ہاؤس میں ایک تقریب میں نائجیریا کے صدر بولا احمد تینوبو نے وزیر اعظم مودی کو قومی اعزاز سے نوازا گیا۔ مودی نے اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کرنے کے بعد کہاکہ "نائیجیریا کی طرف سے 'گرینڈ کمانڈر آف دی آرڈر آف دی نائجر' ایوارڈ سے نوازا جانے پر فخر ہے۔ میں اسے انتہائی عاجزی کے ساتھ قبول کرتا ہوں اور اسے بھارت کے 140 کروڑ عوام اور بھارت و نائیجیریا کی دوستی کے نام وقف کرتا ہوں"۔
کسی ملک کی طرف سے مودی کو دیا جانے والا یہ 17 واں بین الاقوامی اعزاز ہے۔ ملکہ الزبتھ واحد غیر ملکی معزز ہیں جنہیں 1969 میں جی سی او این سے نوازا گیا تھا۔ مودی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بھارت اور نائیجیریا کے تعلقات باہمی تعاون، خیر سگالی اور احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "متحرک معیشتوں کے ساتھ دو متحرک جمہوریتوں کے طور پر، ہم دونوں ممالک کے عوام کی بھلائی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔" مودی نے کہا کہ نائجیریا کی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں انہوں نے باہمی تعاون کو مضبوط اور وسیع بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: جس ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے وہ 'شاہی خاندان' کی اے ٹی ایم بن جاتی ہے: وزیراعظم مودی
انہوں نے کہا کہ معیشت، توانائی، زراعت، سیکورٹی، فن ٹیک، چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائز اور ثقافتی شعبوں میں نئے امکانات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مودی نے کہا کہ افریقہ میں نائجیریا کا بہت بڑا اور مثبت کردار ہے اور افریقہ کے ساتھ قریبی تعاون بھارت کی اولین ترجیح رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ "بھارت اور نائیجیریا دونوں ممالک اور پورے افریقی براعظم کے لوگوں کی خوشحالی کے لیے مل کر آگے بڑھیں گے۔ ہم قریبی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے گلوبل ساؤتھ کے مفادات اور ترجیحات کو اہمیت دیں گے۔"