حیدرآباد: بالی ووڈ کے سپر اسٹار سنجے دت اس وقت بنگلورو کے قریبی علاقوں میں کنڑ ہندی فلم کے ڈی کی شوٹنگ کررہے ہیں۔ ایک ذرائع نے بدھ کے روز بتایا کہ فلم کے لیے ایک بم دھماکے کے سین کو فلمانے کے دوران اداکار زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ بم دھماکے کے سین کی شوٹنگ کے دوران سنجے دت کو کہنی، ہاتھ اور چہرے پر چوٹیں آئی ہیں۔ اس واقعے کے بعد فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔ فائٹ ماسٹر ڈاکٹر روی ورما فلم کے لیے ایک ایکشن ترتیب دے رہے تھے جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
یہ واقعہ حال ہی میں پیش آیا ہے لیکن ابھی تک اس حادثے کی صحیح تفصیلات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ فلم انڈسٹری کے ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ بنگلورو کے ماگڈی روڈ پر پیش آیا تھا اور سنجو بابا ان زخموں سے صحتیاب ہورہے ہیں۔ کے جی ایف چیپٹر 1 اور 2 کے بعد سنجے دت کنڑ فلم کے ڈی میں ایکشن ہیرو دھروا سرجا کے مدمقابل ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کے ڈی کو پریم نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اسے کے وی این بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے۔ فلم میں بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ 63 سالہ اداکار اگلی بار ہارر کامیڈی فلم دی ورجن ٹری میں نظر آئیں گے۔ وہ اس فلم میں اداکاری کرنے کے علاوہ اسے پروڈیوس بھی کر رہے ہیں، جس میں سنی سنگھ، مونی رائے اور پلک تیواری بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ دت کے پاس اداکار ارشد وارثی کے ساتھ ایک کامیڈی فلم بھی ہے جس میں روینہ ٹنڈن بھی اداکاری کر رہی ہیں۔ اس کے عالوہ دت وجے کی تھلاپتی 67 کے ساتھ جنوبی فلم انڈسٹری میں دوبارہ قدم رکھیں گے جس کی ہدایتکاری لوکیش کنگراج کر رہے ہیں۔