حیدرآباد: بالی ووڈ اداکارہ ادیتی راؤ حیدری اس وقت اپنی ویب سیریز جوبلی کی کامیابی سے لطف اندوز ہورہی ہیں۔ سیریز میں ان کی اداکاری کو ناقدین کی جانب سے خوب سراہا گیا ہے۔ تاہم اداکارہ صرف اپنے کام کی وجہ سے خبروں میں نہیں ہیں بلکہ وہ سدھارتھ کے ساتھ اپنے تعلقات کی وجہ سے اکثر سرخیوں میں رہتی ہیں۔ حال ہی میں اداکارہ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران سدھارتھ کے ساتھ اپنی ڈیٹنگ افواہوں پر بات کی۔ اس جوڑی کو اکثر مختلف تقریبات اور ڈنر ڈیٹ پر ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے۔ دونوں کی ایک ساتھ رشتے میں ہونے کی افواہ ہے حالانکہ ابھی تک کسی نے بھی اپنے اس رشتے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
لیکن ایک پریس کانفرنس کے دوران جب ادیتی سے اداکار سدھارتھ کے ساتھ بڑھتی قربتوں کے بارے میں پوچھا گیا تب اداکارہ نے ان افواہوں پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ادیتی ایک تقریب میں تھیں جہاں انہوں نے اپنی ڈیٹنگ کی افواہوں پر ردعمل ظاہر کیا۔ ادیتی سے جب سدھارتھ کے بارے میں سوال کیا گیا تب انہیں شرماتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہاں تک اداکارہ نے اپنے ہونٹوں پر انگلی رکھتے ہوئے یہ اشارہ دیا کہ وہ اس پر بات نہیں کرنا چاہتی ہیں۔ جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ نہیں چاہتی کہ ان کے رشتے کے بارے میں بات کی جائے۔
ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ کی ڈیٹنگ کی افواہیں گزشتہ سال سے میڈیا میں گردش کر رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق جوڑے کی پہلی ملاقات ان کی فلم مہا سمندرم کے سیٹ پر ہوئی اور تب سے وہ ایک دوسرے کے محبت میں گرفتار ہیں۔ دونوں کو کئی بار ایک ساتھ وقت گزارتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کی سالگرہ جیسے اہم مواقع پر ایک دوسرے کے لیے خاص پوسٹ بھی شیئر کرتے ہیں۔