یہ واقعات کولگام کے کھڈونی علاقے میں پیش آئے جہاں لوگوں نے انتخابی عمل کے خلاف احتجاج کیا۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ گن استعمال کیے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کے مطابق پیلٹ لگنے سے چار افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے دو کو علاج کے لیے سرینگر ریفر کیا گیا ہے۔
نمائندے کے مطابق چاروں زخمیوں کی آنکھوں میں پیلٹ لگے ہیں، جن سے انکی بینائی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ضلع کولگام میں اننت ناگ پارلیمانی حلقے کے لیے آج ووٹنگ ہو رہی ہے۔ مجموعی طور ووٹنگ عمل کی جانب لوگوں نے سردمہری دکھائی ہے۔
نمائندے کے مطابق علاقے میں کافی کشیدگی ہے اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے گشت کررہی ہے۔