جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ کوکرناگ کے ڈکسم نامی علاقے کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ مذکورہ علاقہ میں مختلف اقسام کے سینکڑوں جانور پائے جاتے ہیں، جن کا تحفظ کرنا محکمۂ وائلڈ لائف کی اولین ترجیحات میں شامل تھا۔ تاہم محکمہ خواب خرگوش میں مست ہوکر کروٹیں لے رہا ہے، جس کے باعث علاقے میں پائے جانے والے جانور اکثر حادثات کے شکار ہوجاتے ہیں، جس کی مثال علاقے میں اس وقت دیکھنے کو ملی جب ای ٹی وی نمائندہ علاقے کا جائزہ لے رہا تھا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ مذکورہ علاقہ جنگلی جانوروں سے بھرا ہوا ہے، جن کا تحفظ کرنا ہر ایک شخص کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بجلی کی ترسیلی لائنیں بجلی کے کھمبوں سے عام طور پر لٹکی ہوئی پائی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے آئے روز یہاں حادثے رونما ہوتے ہیں جبکہ طوفانی ہواؤں کے دوران مقامی لوگوں کو بھی خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کتوں نے نوزائیدہ بچے کو نوچ کھایا
لوگوں نے محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بجلی کی ترسیلی لائنوں کا نظام زیرِ زمین میں لایا جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات رونما نہ ہوں، جبکہ جنگلی جانوروں کی زندگی بھی محفوظ رہے۔