جموں وکشمیر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 وبا کے پھیلاؤ اور مریضوں کا علاج کرنے والے طبی عملے کیلئے مخصوص ہوٹلز رکھے جائیں گے جہاں وہ ڈیوٹی کے بعد علیحدہ قیام کر سکتے ہیں۔ وہیں حکومت کا مزید کہنا ہے حفاظتی آلات فوراً خریدے جائے گے جو ہسپتالوں میں کووڈ 19 مریضوں کو علاج کرنے والے طبی عملے کو دستیاب کیا جائے گا۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ کئی روز سے طبی عملہ تشویش کا اظہار کر رہا ہے کہ ہسپتالوں میں کووڈ 19 مریضوں یا قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کے نگرانی و علاج کیلئے حفاظتی آلات فراہم نہیں جا رہا ہے جس کے باعث وہ ایسے مریضوں کا علاج کرنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت نے گزشتہ دنوں اس حوالے سے خبر بھی شائع کی تھی جس میں کشمیر ڈاکٹرز ایسوسیشن اور طبی عملے نے کہا تھا کہ 'کووڈ 19 کی جنگ ہسپتالوں میں لڑی جائے گی لیکن جب عملے کے پاس حفاظتی آلات موجود نہیں ہوں گے تو یہ جنگ جیتنا نا ممکن ہوگا۔'
اس حوالے سے حکومتی ترجمان روہت کنسل نے آن لائن پریس کانفرنس کے دوران ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت طبی عملے کیلئے فوراً حفاظتی آلات دستیاب کرنے جا رہی ہے۔ان کا کہا تھا کہ 'جو طبی عملہ کووڈ 19 میں فرنٹ لائن پر ہے انکے لئے حکومت فوراً حفاظتی آلات خریدنے جا رہی ہے۔'
روہت کنسل کا مزید کہنا تھا کہ کووڈ 19 مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کیلئے جموں اور سرینگر میں مخصوص ہوٹلز کا انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ہوٹلوں میں قیام کر سکے۔
واضح رہے ڈاکٹر مطالبہ کر رہے تھے کہ حکومت انکے علیحدہ رہائش کا انتظام کرے تاکہ وہ اپنے اہلخانہ سے دور رہ کر انکی حفاظت کو بھی یقینی بنا سکے۔