کووڈ 19 کے بڑھتے خطرات اور خدشات کے پیش نظر وادی کشمیر میں جاری حالات کے بیچ کشمیر یونیورسٹی نے انڈر گریجویٹ امتحانات کا طریقہ کار طے کرنے کیلئے سوموار کو کالج سربراہان سے آئن لائن میٹنگ طلب کی ہے۔
کشمیریونیورسٹی کے میڈیا ایڈوائزر ڈاکٹر شاہد رسول نے بتایا کہ انڈر گریجویٹ کورسوں کیلئے امتحانات کے طریقہ کار کو طے کرنے کیلئے میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میٹنگ یکم جون بروز سوموار کو دن کے 2 بجے طے کی گئی ہے اور اس لنک کو پیر کی صبح کنٹرولر امتحانات کے ذریعہ تیار کردہ واٹس ایپ گروپ کے ذریعے شیئر کیا جائے گا۔
ڈاکٹر شاہد رسول نے کہا کہ جن کالج سربراہان نے ابھی تک گروپ میں اندراج نہیں کیا ہے وہ اپنا اندراج موبائل نمبر 9419000380 پر فون کرکے کر سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کشمیر یونیورسٹی نے حال ہی میں ایک حکمنامہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا کہ کووڈ 19کے باعث پیدا شدہ صورتحال کی وجہ سے سمسٹر کے اختتام کے امتحانات نہیں ہوں گے بلکہ انٹرنل امتحانات کی بنیاد پر ہی طلباء کو آگے کے کلاسوں کے لئے پاس کیا جائے گا۔