جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں منشیات مخالف مہم کو جاری رکھتے ہوئے بڈگام پولیس نے ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کے قبضے سے 103 بوتلیں کوڈین بھی برآمد کی ہے۔
پولیس کے مطابق پولیس چوکی سوئبگ کی ٹیم نے وڈون بڈگام میں ناکہ بندی کی اور گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ تلاشی کے دوران ایک گاڑی سے کوڈین فاسفیٹ برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس نے منشیات فروش کے ساتھ ساتھ جرم میں استعمال کی گئی گاڑی کو بھی ضبط کرلیا ہے۔ گرفتار شدہ منشیات فروش کی شناخت ٹینگ باغ خیام سرینگر کے سید عرفان الحق کے طور پر ہوئی ہے۔
رپورٹوں کے مطابق گرفتار شدہ شخص ایک لیکچرر ہے۔ پولیس اسٹیشن بڈگام میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور این ڈی پی ایس کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کولگام میں منشیات مخالف بیداری پروگرام کا انعقاد
پولیس نے کمیونٹی ممبران سے درخواست کی ہے کہ 'وہ اپنے پڑوس میں منشیات فروشوں سے متعلق پولیس کو جانکاری فراہم کرے تاکہ بروقت کارروائی ہوسکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'منشیات کی خرید وفروخت میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔'
پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'ان کی یہ مہم لگاتار جاری رہے گی اور یہ تب تک جاری رہے گی جب تک ضلع کو منشیات سے پاک نہیں کردیا جاتا۔'