جموں و کشمیر میں شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سمبل سوناواری میں سڑکوں پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مہم کے دوران میونسپل کمیٹی سمبل، پولیس اور محکمہ مال نے مشترکہ کارروائی کے دوران سڑکوں پر موجود ناجائز تجاوزات کو منہدم کیا اور سڑکوں کے کنارے رکھے گئے متعدد سندل اور ٹین شیڈ کو ہٹایا گیا۔
واضح رہے کہ قصبہ سمبل میں دکانداروں نے دکانوں کے باہر سڑکوں پرنا جائز تجاوازت کھڑا کیے تھے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت میں پریشانیاں ہوتی تھیں۔
آج سمبل پولیس اور میونسپل عملہ کے ساتھ محکمہ مال نے تحصیل ہیڈکوارٹر سے مین اور بازار سے ہوتے ہوئے سمبل پل تک سڑکوں کے کنارے ناجائز طور پر بنائے تجاوزات کو ہٹاکر سڑک کے کناروں کو خالی کرایا۔
میونسپل کمٹیی سمبل کے چیئرمین جہانگیر احمد نے کہا کہ یہ انہدامی کارروائیاں جانچ کے بعد عمل میں لائی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کئی بار وارننگ دینے کے باوجود سڑک کنارے تجاوزات نہیں ہٹائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کھڑی کی گئی تجاوزات کے خلاف ہر ہفتے کارروائی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔