کورونا وائرس کی دوسری لہر کافی خطرناک دکھائی دے رہی ہے۔ جموں و کشمیر میں ہر دن کورونا وائرس کے معاملوں میں لگاتار اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں یوٹی میں مزید 3532 افراد کورونا متاثر پائے گئے ہیں۔ ان چوبیس گھنٹوں کے دوران اس جان لیوا بیماری کی وجہ سے 30 اموات ہوئی ہیں جن میں 13 کا تعلق وادی کشمیر سے ہے جبکہ 17 کا تعلق جموں خطے سے ہے۔
ان چوبیس گھنٹوں کے دوران 1287 افراد اس جان لیوا بیماری سے صحتیاب ہوئے ہیں۔ نئے معاملوں کے ساتھ ہی یوٹی میں اب کورونا وائرس کے مثبت معاملوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 176083 ہوگئی ہے۔
اب تک اس وائرس سے 2283 اموات جبکہ 145441 صحتیاب ہوئے ہیں۔ آج جو نئے مثبت معاملے درج ہوئے ہیں ان میں سب سے زیادہ وادی کشمیر سے ہے جہاں 2360 افراد میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی ہے، وہیں جموں خطے میں 1172 لوگوں میں وائرس پایا گیا ہے۔
وادی کشمیر کی اگر بات کریں تو یہاں انتظامیہ اس وائرس کو روکنے کے لئے اقدامات تو کررہا ہے لیکن اس کے باوجود وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
سرینگر میں سب سے زیادہ 932 مثبت معاملے درج ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بارہمولہ میں 316، بڈگام 160، پلوامہ 110، کپواڑہ 206، اننت ناگ 239، بانڈی پورہ 50، گاندربل 77، کولگام 165 جبکہ شوپیاں میں 105 افراد میں یہ وائرس پایا گیا ہے۔
دوسری جانب جموں خطے میں ضلع جموں میں 495، ادھمپور 125، راجوری 133، ڈوڈہ 37، کٹھوعہ 95، سانبہ 82، کشتواڑ 13، پونچھ 42، رامبن 74 اور ریاسی میں 76 نئے مثبت معاملے درج ہوئے ہیں۔ یوٹی میں اب فعال معاملے 28 ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں۔ اب یہاں 28359 فعال معاملے ہیں۔