سرینگر کے مضافات کھنمو میں یہ پتھر کے پہاڑ محض چوٹیاں نہیں ہیں بلکہ اس پہاڑ میں دنیا کی اہم تاریخ دفن ہے۔ ماہرین ارضیات اس کو گوریول روائن (Guryul Ravine) کے نام سے جانتے ہیں لیکن مقامی لوگوں کے لئے یہ ایک پہاڑ ہے جہاں سرکار کی کوتاہی کی وجہ سے وہ یہاں سے تعمیراتی کاموں کے لئے کان کنی کررہے تھے۔ تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ گوریول روائن کی تاریخ 250 ملین پرانی ہے۔ اس ورثہ کو ماہرین ارضیات نے دریافت کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پتھریلے پہاڑ دنیا کی پہلی سونامی کے گواہ ہیں۔ پروفیسر غلام محمد بٹ جو جموں یونیورسٹی کے شعبہ ارضیات کے پروفیسر ہیں انہوں نے قدیم مقام کے متعلق ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کھنمو کا یہ مقام قدیم زمانے کی تاریخ کی معلومات کے لئے بہتر مقام ہے۔
اس پہاڑ میں ان فوسل کی تحقیق کے لئے دنیا بھر سے ماہرین ارضیات گزشتہ کئی برسوں سے یہاں آرہے ہیں اور ان کے مطابق یہ قدیم مقام چین کے فاسل سے بہتر ہے۔
ڈاکٹر غلام دین احمد نے اسی مقام پر ارضیات میں تحقیق کی ہے اور وہ مانتے ہیں کہ یہ جگہ دنیا کی ایک لیبارٹری کی طرح ہے جس کی حفاظت کرنا بہت اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کوکرناگ: کے اے ایس کے امیدوار افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت کا اعلان
اس سلسلے میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت ان کے لئے باعث مسرت ہے اور اس کو محفوظ رکھنے سے اراضیات کے طلبہ اور سیاحوں کے لئے ایک خاص مقام بننے کے قابل ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت اس قدیم مقام کو محفوظ رکھنے کے لئے فاسل پارک تعمیر کیا جائے گا۔