اترپردیش کے سہارنپور کے قصبہ بہٹ میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر و رکن پارلیمان اسد الدین اویسی Asaduddin Owaisi President of the All India Majlis-e-Ittehadul Muslimeen نے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم انڈین نیشنلزم کی بات کرتے ہیں لیکن وہ ہندو ازم کی بات کرتے ہیں۔ دھرم سنسد کے نام پر مسلمانوں کے قتل کی کھلی دھمکی دی جاتی ہے لیکن حکومت خاموشی رہتی ہے، جس سے صاف ہو جاتا ہے کہ اس طرح کی بیان بیازی کرنے والے عناصر کو حکومت کی شہ حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابرین نے مذہب کے نام پر بننے والے ملک پاکستان کو مسترد کردیا تھا اور ہندوستان کی جمہوریت کو ترجیح دی تھی لیکن آج منظم سازش کے تحت ہندوستان کے مسلمانوں کو مشکوک بنا دیا گیا اور دھرم سنسد کر کے انہیں کھلی عام قتل و غارت گری کی دھمکیاں دی جاتی ہیں اور ایسے فرقہ پرستوں و ملک مخالف عناصر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے۔
انہوں نے ہریدوار کی دھرم سنسد میں نفرت انگیزی اور اشتعال انگیزی کے لیے وزیر داخلہ امت شاہ Home Minister Amit Shah اور اتراکھنڈ کے حکومت کو راست طور پر ذمہ دار ٹھرایا اور کہا کہ ان شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی نہ ہونا ثابت کرتا ہے کہ انہیں وزیر اعظم مودی Prime Minister Modi، وزیر داخلہ امت شاہ اور یوگی آدتیہ ناتھ کی سرپرستی حاصل ہے۔
اسد الدین اویسی نے کہا کہ ہم ان دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں بلکہ ہم ملک کی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے لڑتے رہے گیں۔ ہم انڈین نیشنلزم کی بات کرتے ہیں لیکن وزیر اعظم مودی ہندو نیشنلزم کی بات کرتے ہیں جس سے اس حکومت کا ایجنڈہ صاف ہو جاتا ہے۔
اویسی نے کہا کہ ہمارے اکابرین علماء نے اس ملک کی آزادی کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ انہوں نے تحریک ریشمی رومال کا بطور خاص ذکر کیا اور لوگوں سے اپیل کی وہ اکابر علماء کی تحریک کو مضبوط کریں اور ملک کے اتحاد و سالمیت، بھائی چارے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے لئے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔
اسد الدین اویسی نے مسلمانوں سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی، کانگریس اور بی ایس پی پر تنقید کیا او ر کہا کہ انہوں نے مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا ہے۔ مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بھی سے بدتر ہو گئی ہے لیکن میں بلا تفریق سبھی دبے کچلے طبقات کی لڑائی لڑتا رہوں گا۔
انہوں نے عوام سے متحد ہوکر اس مجلس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
تقریباً ایک بجے بہٹ پہنچے اسد الدین نے قریب گھنٹہ بھر جلسہ عام سے خطاب کیا۔ جلسہ میں لوگوں کا جوش و خروش قابل دید تھا، اس دوران پولیس اور خفیہ محکمہ بھی مستعد نظر آیا۔
مزید پڑھیں:
- Owisi on Dharam Sansad Hate Speech: اویسی کا مطالبہ، مسلم نسل کشی کی بات کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے
- Justice Asok Ganguly on Haridwar Hate Speech: 'دھرم سنسد میں جو ہوا وہ دراصل ہمارے دستور پر حملہ تھا'
واضح رہے کہ یوپی اسمبلی انتخابات کے مدنظر اسدالدین اویسی مسلسل یوپی کے مختلف شہروں میں سیاسی جلسے کر رہے ہیں۔ دو ماہ کے اندر سہارنپور میں ان کا یہ دوسرا جلسہ ہے۔ اویسی نے یوپی میں ایک سو سیٹوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔
بعد ازیں اسد الدین اویسی نے رائے پور پہنچ کر رائے پور والے حضرت جی کے یہاں حاضرین دی۔