مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلح رامبن کے تحصیل گول میں آگ کی ایک ہولناک واردات کے دوران دو منزلہ رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل گول بلاک سنگلدان کے داڑم میں آج دوپہر نورمحمد اور عبدالمجید کے رہائشی مکان میں اچانک آگ لگ گئی اور آگ کی لپٹوں نے پورے مکان کو اپنے لپیٹ میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔
مقامی لوگوں کی مدد سے گھر کے لوگوں کو باحفاظت بچالیا گیا لیکن دونوں بھائیوں کے رہائشی مکان اور انکی عمر بھر کی کمائی مکمل طور پر خاکستر ہوگئی۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ اگر فائر سروس کی گاڑی وقت پر آتی تو اس مکان کو اس حادثے سے بچایا جاسکتا تھا، لیکن ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ فائرسروس داڑم سے کافی دور ہے، جس کی وجہ سے محکمہ فائر کے افسران کو یہاں پہنچنے میں دیری ہوئی۔