سی پی آئی رہنما کنہیا کمار جن گن گن یاترا کے تحت بدھ کے روز سوپول بہار پہنچے تھے۔ جہاں صدر تھانہ کے ملِک چوک پر کچھ شرپسند عناصر نے قافلے پر پتھراؤ کیا۔ اس دوران قافلے میں شامل دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ نیز دو گاڑیوں کے نقصان کی اطلاع ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ حملہ کشن پور کے نیم نَما سے واپس آتے ہوئے ہوا۔ اس معاملے میں پولیس نے دو افراد کو بھی گرفتار کیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
دراصل سی پی آئی رہنما کنہیا کمار شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف پورے بہار کا سفر کررہے ہیں۔ اس سے قبل بھی ان کے قافلے پر سارَن بہار میں حملہ کیا گیا تھا۔
غور طلب ہے کہ جھانجھر پور میں بھی سی پی آئی کے رہنما کنہیا کمار کی مخالفت کی گئی تھی۔ یہاں کرنی سینا کے لوگوں نے کالا بیج لگا کر احتجاج کیا تھا اور کنہیا کمار کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی تھی۔
وہیں ناراض لوگوں کا کہنا ہے کہ کنہیا ٹکڑے ٹکڑے کے گروہ سے ہیں، جو ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔