پٹنہ: قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی حلیف بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے بعد آج جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) نے بھی رکن اسمبلی ددن سنگھ پہلوان، سابق وزیر رامیشور پاسوان اور بھگوان سنگھ کشواہا سمیت 15 باغی رہنماؤں کو پارٹی مخالف کام کرنے کے الزام میں چھ برس کے لیے پارٹی سے باہر کا راستہ دکھایا ہے۔
جے ڈی یو کے ریاستی صدر وشسٹھ نارائن سنگھ نے منگل کو کہاکہ پارٹی مخالف کاموں میں ملوث رہنے کی وجہ سے رکن اسمبلی، سابق رکن اسمبلی اور سابق وزیر سمیت 15 رہنماؤں کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کرتے ہوئے چھ برس کیلئے پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔
جے ڈی یو سے نکالے گئے باغی رہنماؤں میں ڈمراﺅں کے موجودہ رکن اسمبلی ددن سنگھ پہلوان، سابق وزیر رامیشور پاسوان، سابق وزیر بھگوان سنگھ کشواہا، سابق رکن اسمبلی رن وجے سنگھ، چکائی کے سابق رکن اسمبلی سمت کمار سنگھ، جے ڈی یو خاتون سیل کی سابق ریاستی صدر کنچن کماری گپتا اور انتہائی پسماندہ طبقہ کمیشن کے سابق رکن پرمود سنگھ چندرونشی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ نوجوان جے ڈی یو کے سابق خزانچی ارون کمار، اورنگ آباد ضلع جے ڈی یو کے سابق کنوینر تجمل خان، رہتاس کے سابق ضلع صدر امریش چودھری، جموئی کے سابق ضلع صدر شیو شنکر چودھری، سنہ 2015 کے اسمبلی انتخاب میں سکندرا ( ایس سی ) سے جے ڈی یو امیدوار رہے سندھو پاسوان، کارکن کر تار سنگھ یادو ، جے ڈی یو کے بربیگھا اسمبلی انچارج ڈاکٹر راجیش رنجن اور کارکن مونگیری پاسوان کی ابتدائی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں چھ برس کیلئے پارٹی سے باہر کر دیا گیا ہے۔
جے ڈی یو نے اس بار اسمبلی انتخاب میں ڈمراﺅں سے پارٹی کے موجودہ رکن اسمبلی ددن سنگھ پہلوان کو ٹکٹ نہیں دیا اور ان کی جگہ پر پارٹی کی ریاستی ترجمان انجم آرہ کو اپنا امیدوار بنایاہے۔ اس کے بعد مسٹر ددن سنگھ پہلوان نے جے ڈی یو سے بغاوت کر کے آزاد انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا۔
اسی طرح ٹکٹ نہیں ملنے سے ناراض سابق وزیر بھگوان سنگھ کشواہا نے جے ڈی یو سے بغاوت کر کے لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی )کا دامن تھام لیا اور ایل جے پی نے انہیں جگدیش پور سے اپنا امیدوار بنایاہے۔
غورطلب ہےکہ ٹکٹ کٹنے سے ناراض نو باغیوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی پیر کے روز چھ برس کیلئے باہر کا راستہ دکھایاتھا۔ بی جے پی سے نکالے گئے لیڈران میں ایل جے پی کے ٹکٹ سے رہتاس ضلع کے دینارا سے انتخاب لڑ رہے راجندر سنگھ، سہسرام سے رامیشور چورسیا، پالی گنج سے ڈاکٹر اوشا ودیارتھی، جھاجھا سے رویندر یادو، بھوجپور ضلع کے سندیش سے شویتا سنگھ، جہان آباد سے اندو کشیپ، پٹنہ دیہی سے انیل کمار، امر پور سے مرنال شیکھر اور جموئی سے اجے پڑتاپ شامل ہیں۔