عید الاضحی کے موقع پر ریاست مہاراشٹرا کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں بڑی تعداد میں قربانی کا فریضہ ادا کیا جاتا ہے۔ ایسے میں مالیگاؤں شہر میں قربانی کے تین دنوں کے دوران صاف صفائی، پانی کی فراہمی اور بجلی سمیت دیگر انتظامات کو یقینی بنائے جانے کے لیے کل جماعتی تنظیم کے وفد نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پہنچ کر متعلقہ افسران سے ملاقات کی۔
اس کے علاوہ وفد نے ارباب اقتدار اور سیاسی رہنمائوں سے بھی ملاقات کرکے انہیں ایک مطالباتی مکتوب پیش کیا، جس میں عید کے مقدس ایام میں شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پختہ انتظامات کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ ’’شہریوں کو مقدس ایام کے دوران تکالیف و مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘
کل جماعتی تنظیم کے وفد نے مئیر، اپوزیشن لیڈر، اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین سمیت دیگر ذمہ داران کو عید الاضحی کے موقع پر فضلہ اٹھانے کے لئے علیحدہ گاڑیوں اور اضافی ملازمین کا پختہ بندوبست کیے جانے کی گزارش کی۔
مزید پڑھیں: عیدالاضحی کے مدنظر مویشیوں کے خریداروں کی بھیڑ
اس موقع پر کل جماعتی تنظیم نے شہریوں سے بھی امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے قربانی کے جانوروں کی بیجا نمائش سے اجتناب کرنے کی تلقین کی ہے۔
وفد میں مولانا عبد الحمید ازہری، اکبر سیٹھ اشرفی، پیرزادہ نورالعین صابری وغیرہ شریک تھے۔
افسران اور لیڈران نے وفد کو چاک وچوبند رہنے اور بہتر انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: میرٹھ: عید الضحی کے پیش نظر قاضی شہر کی عوام سے اپیل