مہاراشٹر کے صنعتی شہر بھیونڈی اور مضافاتی علاقوں میں واقع گرین زون میں ہونے والے تعمیراتی کام کو منہدم کرنے کی کاروائی کے خلاف 'ناگری حق سنگھرش سمیتی' نے ویر ہاوس میں ہونے والے کام کاج کو مکمل طور سے بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے گزشتہ تین دنوں سے ایشیا کے سب سے بڑے ویر ہاوس ہب بھیونڈی کے ویر ہاوسیز میں مکمل طور سے ہڑتال جاری ہے.
واضح رہے کہ ممبئی ہائی کورٹ نے ایک مفاد عامہ کی سماعت کرتے ہوئے ایم ایم آر ڈی اے کے تحت آنے والے بھیونڈی شہر اور مضافات کے دیہی علاقوں کے گرین زون میں تعمیر ہونے والے مکانات، کمرشیل دوکانوں اور گوداموں کو منہدم کرنے کا حکم دیا ہے.
بھیونڈی شہر کے بھادوڑ ،پوگاؤں سمیت دیہی علاقوں میں ہونے والے تعمیرات کو منہدم کرنے محصول محکمہ اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیم پہنچی ہوئی تھی مگرعوامی احتجاج کے سبب منہدم کی کاروائی کئے بغیر ہی ٹیم کو واپس لوٹنا پڑا تھا.
اسکی مخالفت کے لیے ناگری حق سنگھرش سمیتی کے بینر تلے کسانوں اور گودام مالکان نے گودام بند کرکے احتجاج شروع کیا ہے.
ایشیا کے سب سے بڑے ویر ہاوس ہب کے بند ہونے سے یومیہ اجرت کا کام کرنے والوں کے سامنے اہل خانہ کی کفالت کرنا مشکل ہوگیا ہے، اگر یہ گودام بند رکھنے کا سلسلہ آگے بھی جاری رہتا ہے تو بھیونڈی شہر مضافات کے لاکھوں افراد جو گودام سے منسلک ہے انہیں مزید دشواریوں سے گزرنا پڑ سکتا ہے.