وزیر ریلوے پیوش گوئل کو لکھے گئے خط میں نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے کہا کہ 3 مئی کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد دیگر ریاستوں سے آنے والے لاکھوں افراد کی ان کے گھروں تک واپسی کے لیے ٹرینوں کا مناسب اتنظام کیا جائے۔
اجیت پوار نے پیوش گوئل کو تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے بتایا کہ چونکہ مہاراشٹر ایک اہم صنعتی ریاست ہے اور یہاں سب سے زیادہ تعمیراتی اور دیگر سرگرمیاں جاری رہتی ہیں اور ان شعبوں میں کام کرنے کے لیے یہاں پر ملک کے مختلف حصوں سے اور بطور خاص اترپردیش، بہار اور دیگر شمالی ریاستوں سے نقل مکانی کر کے آنے والے غیر رسمی مزدوروں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔
کووڈ 19 لاک ڈاؤن کی وجہ سے مہاراشٹر کے کیمپوں میں لگ بھگ چھ لاکھ پچاس ہزار مہاجر مزدور رہ رہے ہیں جنہیں ریاستی حکومت کی جانب سے روزانہ کھانا اور صحت سے متعلق دیگر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ریاست کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بھی مہاجر مزدوروں کے لیے لاک ڈاون کے ختم ہونے کے بعد ٹرینیں شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔