ریاست اترپردیش کے ضلع مرادآباد کے ایس ایس پی امیت پاٹھک نے عوام سے گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 22 مارچ بروز اتوار کو صبح 7:00 بجے سے رات 9:00 بجے تک اپنے گھر میں ہی رہیں، اگر کوئی بہت ہی ضروری کام یا پریشانی ہو تو آپ تمام لوگ ہمیں 112 نمبر پر کال کرکے مدد طلب کرسکتے ہیں۔
امت پاٹھک نے کہا کہ جنتا کرفیو کے پیش نظر محکمہ صحت کے ساتھ مل کر پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ تمام لوگوں کی کسی بھی قسم کی پریشانی کو بروقت دور کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے جنتا کرفیو کا اعلان کیا تھا جس میں انھوں نے لوگوں سے اپیل کی تھی کی صبح سات بجے سے رات نو بجے تک لوگ اپنے گھروں میں رہیں۔
قابل غور ہے کہ چین کے صوبہ ہبوئی کے دارالحکومت ووہان سے پھیلنے والا جان لیوا کورونا وائرس کی زد میں اب تک دنیا کے 180 سے زائد ملک آ چکے ہیں۔
وہیں بھارت میں کورونا وائرس کے اب تک 290 سے زائد کیس سامنے آ چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے درمیان اسے عالمی وبا قرار دیا ہے۔