ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں کورونا کے کیسز میں تیزی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی سختی کے بعد اب ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی نئی گائیڈ لائن جاری کر دی گئی ہے۔
شہر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور کورونا پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے سخت قدم بھی اٹھائے جارہے ہیں، اسی ضمن میں ہولی کے تہوار کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ کے بالا جی کے مطابق میرٹھ میں ایسے لوگ زیادہ آتے ہیں جہاں پر کورونا کے کیسز زیادہ پائے جار ہے ہیں اس لیے مہاراشٹر، مدھیہ پردیش کے علاوہ دوسرے صوبوں میں جس طرح سے کورونا انفیکشن کے معاملے میں اضافہ ہوا ویسے ہی اب یوپی میں بھی کورونا کا گراف اوپر جارہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ میرٹھ میں بھی جس طرح سے کورونا کے کیسز بڑھے ہیں اس کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ کی جانب باہر سے آنے والے مسافروں کے علاوہ بازاروں میں بھی اس کے متعلق سختی برتی جا رہی ہے، اس کے علاوہ تہوار کے مد نظر شہر میں عوام سے بھی اپیل کی جا رہی ہے کہ سماجی دوری کے ساتھ ماسک کا بھی استعمال کریں۔