ملک میں کورونا وبا کے سبب گزشتہ دو سال سے کاروباری اور تعلیمی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے ایسے میں حکومت کی جانب سے آن لائن تعلیمی نظام عمل میں لایا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود نجی اسکولوں کی جانب سے طلبا کے والدین پر فیس جمع کرنے کا دباؤ بنایا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں میرٹھ میں سماجی تنظیم یونائٹیڈ مسلم فرنٹ کی طرف سے مرکزی اور یوپی حکومت سے اسکولوں کی فیس کو معاف کرانے کے ساتھ ہی کورونا انفیکشن کے خاتمے تک اسکولوں کو نہ کھولے جانے کا مطالبہ کیا۔ تنظیم کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ جب تک بچوں کو ویکسینیشن نہیں کیا جاتا تب تک ان کے لیے اسکول کی جگہ آن لائن تعلیمی نظام کو برقرار رکھا جائے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ نجی اسکولوں کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے حکومت کو الگ سے ان کے لئے پیکج دیا جائے۔ معاشی حالات سے کمزور طلبا کے والدین کی پریشانیوں کو ذہن میں رکھ کر حکومت کو بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے اس طرح کے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ جس سے ان بچوں کے لیے روشن مستقبل کی راہیں ہموار ہوسکتی ہیں۔
مزید پڑھیں: دارالعلوم دیوبند میں قدیم طلبہ کے داخلے کی کارروائی شروع
یوپی میں جس طرح سے 16 اگست سے نویں جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلباء کے لئے اسکولوں کو کھولا جارہا ہے اس کو دیکھتے ہوئے یہی کہا جاسکتا کہ کورونا کی تیسری لہر سے طلبا کو بچانے کے لئے ویکسینیشن کرانا بھی ضروری ہے تاکہ مستقبل میں آنے والے خطرے سے ان کی حفاظت کی جاسکے۔