ایشیا کی معروف دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلما نے کورونا وبا کے سبب امسال بھی نئے داخلے نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں، مختلف شعبے امسال بھی بند رہیں گے۔ پرانے طلبا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ندوہ کی ویب سائٹ پر جاکر داخلے کی تجدید کرالیں۔ وہیں، سے آن لائن فیس جمع کریں۔ داخلے کی تجدید کی آخری تاری 4 جون ہے، اس کے بعد ویب سائٹ پرتجدید داخلہ فارم دستیاب نہیں ہوگا۔
ندوۃ العلما کے مہتمم مولانا ڈاکٹر سعید الرحمٰن اعظمی ندوی کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے سبب آف لائن تعلیم کے لیے ابھی تک غیر یقینی صورت حال قائم ہے۔ اس کے پیش نظر گذشتہ سال کی طرح امسال ۳۴-۲۴۴۱ھ میں فی الحال نئے داخلے نہیں کیے جائیں گے اور نہ ہی تدریب افتا، المعہدالعالی للدعوۃ والفکر الاسلامی، شعبہ انگریزی و شعبہ صحافت کھولے جائیں گے۔ اسی طرح امسال بھی علیا اولیٰ (شریعہ، ادب، دعوہ) کا درجہ موقوف رہے گا۔
مذکورہ درجات میں کوئی جدید و قدیم داخلہ نہیں لیا جائے گا۔ جو طلبا ملحقہ مدارس سے علیا اولیٰ میں داخلے کے لیے آتے ہیں، ان کو بھی داخلہ نہیں دیا جائے گا۔
ملحقہ مدارس کے غیر سندی درجات جیسے عالیہ اولیٰ، عالیہ ثانیہ، عالیہ ثالثہ کے جو طلبا دارالعلوم آتے ہیں، ان کا داخلہ ٹیست کی بنیاد پر ہوگا، جو اس ٹسٹ میں کامیاب نہیں ہوں گے ان کو داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ داخلہ ٹسٹ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
دارالعلوم ندوۃ العلما و معہد سکروری کے وہ طلبا جو گزشتہ سال اپنے درجوں میں کامیاب قرار دیے گئے ہیں، انہیں داخلے کی تجدید کی ہدایت دی گئی ہے۔
داخلہ فارم دارالعلوم کی ویب سائٹ nadwa.in پر موجود ہے۔ تجدید داخلہ کی فیس 525 روپے رکھی گئی ہے۔ فارم میں اندراجات کو درج کرنے کے بعد ویب سائٹ پر ہی دیے گئے لنک سے آن لائن فیس جمع کرنی ہوگی۔ تجدید داخلہ کی آخری تاری 4 جون مقررکی گئی ہے۔