ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں ایک نوجوان کے موبائل سے کسی نے لڑکی کے نام سے آئی ڈی بناکر ایک ویڈیو ٹک ٹاک پر اپلوڈ کردیا۔
اس کے بعد سے اس کے فون پر ہزاروں آڈیو، ویڈیو کالز آنے لگے حالت یہ ہوئی کہ اس نوجوان کو اپنا موبائل بند کرنا پڑا۔
نوجوان نے پریشان ہوکر اس تعلق سے پولیس سے شکایت کی ہے، یہ واقعہ شہر کوتوالی حلقہ کے لکھپیڑا باغ کے دیپک کمار شرما کے ساتھ پیش آیا ہے۔
دیپک کمار شرما کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی سوشل سائیٹس پر نہیں ہے۔ اس کا نمبر ٹک ٹاک پر کیسے گیا اس کے بارے میں اسے کوئی علم نہیں۔
دیپک کمار شرما نے بتایا کہ 21 جون کی رات سے اس کے موبائل پر فون آنے شروع ہوئے اور لوگ اسے لڑکی سمجھ کر بات کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
متعدد کالز آنے پر اس نے ایک کالرز سے پوچھا کہ یہ نمبر انہیں کہاں سے ملا، تو جواب ملا کہ اس کا نمبر ٹک ٹاک پر لڑکی کی آئی ڈی سے ویڈیو کی شکل میں اپلوڈ کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں ایک لڑکی اس نمبر پر بات کرنے کے لئے کہہ رہی ہے۔دیپک نے بتایا کہ 21 جون سے اب تک اس کے پاس ہزاروں کالز، ویڈیو کالز، مسیجیز آ رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہیں اور اسلئے اس نے اپنا فون بند کر دیا ہے۔
دیپک کمار شرما نےاس تعلق سے کوتوالی میں شکایت درج کرائی ہے،یہ معاملہ سائبر کرائم کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔