سنہ 2019 کے عام انتخابات سے قبل سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کی جانب سے اترپردیش میں اعلان کردہ عظیم اتحاد کا آج مکمل طور پر خاتمہ ہوگیا اور بی ایس پی کے بعد اب سماجوادی پارٹی نے بھی تنہا اپنےدم پر 2022 کے اسمبلی انتخابات میں میدان میں اترنے کا اعلان کردیا۔
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو جو کہ 2019 کے عام انتخابات کے بعد بی ایس پی کی جانب سے اتحاد کو ختم کئے جانے کے اعلان کے بعد خاموش تھے بلاآخر آج انہوں نے اعلان کردیا کہ سماج وادی پارٹی سنہ 2022 کے اسمبلی انتخابات تنہا اپنے دم پر لڑے گی۔
پریس کانفرنس میں میڈیا اہلکار کی جانب سے بی ایس پی پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں مسٹر یادو نے کہا کہ کچھ نہیں بولونگا۔ ہم 2022 کے اسمبلی انتخابات تنہالڑیں گے۔
ریاست کی 13 اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا بڑی پارٹیوں کے ساتھ ہمارا تجربہ کسی سے بھی مخفی نہیں ہے، لہذا ہم چھوٹی پارٹیوں سے اتحاد کے بارے میں غور کررہے ہیں۔
ریاست میں اسمبلی کی 13 سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں ایس پی اور کانگریس نے بی جے پی کے خلاف علیحدہ علیحدہ میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے۔
بی ایس پی اپنی سابقہ روایت کے خلاف لمبے عرصے کے بعد ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔