مغربی بنگال کے تین اسمبلی حلقوں میں رواں ماہ کے آخر میں 30 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ کولکاتا کے بھوانی پور سے ترنمول کانگریس کی امیدوار و زیراعلیٰ ممتا بنرجی کے علاوہ مرشدآباد کی دو سیٹیں جنگی پور اور شمشیرگنج میں بھی سیاسی سرگرمیاں انتہائی عروج پر پہنچ چکی ہیں۔
بھوانی پور اسمبلی حلقے میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے انتخابی مہم کی ذمہ داریاں خود اپنے ہاتھوں میں سنبھال رکھی ہیں پارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری ابھیشک بنرجی کی قیادت میں جنگی پور اور شمشیرگنج میں امیدواروں کی انتخابی مہم چلائی جارہی ہے۔
علی پور محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کی درمیانی شب خلیج بنگال میں خطرناک طوفان کی پیشنگوئی کی ہے۔ ایک طرف اس درمیان ریاست کے تین اسمبلی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے مدنظر سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیںتو دوسری طرف مسلسل بارش کے سبب عام لوگوں کا برا حال ہے۔ ضمنی انتخابات کے مدنظر سیاسی رہنما اپنی پارٹیوں کے امیدواروں کی حمایت میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں لیکن عام لوگوں کو بارش کے بعد علاقے میں جمع گندے پانی سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔دارالحکومت کولکاتا سے متصل اضلاع جنوبی 24 پرگنہ، شمالی 24 پرگنہ، ندیا، ہگلی، ہوڑہ، مشرقی مدنی پور میں بارش بند ہوگئی ہے لیکن بارش کا پانی بیشتر علاقوں میں اب بھی جمع ہونے سے لوگوں کو بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
اگلے چند دنوں ان علاقوں میں ایسے ہی حالات برقرار رہنے والے ہیں یعنی باشندوں کو بارش کے بعد علاقے میں جمع گندے پانی سے فی الحال راحت ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دوسری طرف علی پور محکمۂ موسمیات نے پیر اور منگل کی درمیانی شب خلیج بنگال میں خطرناک طوفان کی پیش گوئی کی ہے۔ خلیج بنگال میں ہواؤں کا دباؤ بننے کے بعد ریاست کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔