ریاست مغربی بنگال کے ضلع بردوان کے جموڑیہ تھانہ علاقے میں یکے بعد دیگر چار افراد کو پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے۔
اس واقعے کے بعد جموڑیہ علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے، تاہم مقامی باشندوں نے قصوروار کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اطلاع کے مطابق جموڑیہ علاقے میں واقع ایک سرکاری شراب خانے کے دفتر کے اندر سو رہے تین ملازمین پر ایک شخص نے راڈ سے حملہ کردیا، اور جنونی شخص نے دفتر کے اندر داخل ہو کر سو رہے تینوں افراد کو پیٹ پیٹ کر مار دیا۔
واضح رہے کہ جب پاس کا رہنے والا ایک شخص بیچ بچاؤ کے لیے آیا تو ان کا بھی قتل کردیا گیا۔
پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کرکے جائے وقوع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے، تاہم اس معاملے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں افراد کو پیٹ پیٹ کر قتل کیا گیا ہے، اس معاملے میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ تفتیش کی جارہی ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آخر کس وجہ سے چاروں افراد کو مارا گیا۔
خیال رہے کہ مرنے والے افراد کی شناخت انوج منڈی، پرشانت ساہا، سوبودھ بروئی، اور کالیا بھوپتری کے طور پر ہوئی ہے۔
شراب کی دکان کے منیجر دھیمان منڈل کا کہنا ہے کہ کچھ سمجھ میں آنے سے پہلے ہی یہ سب ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ دکان میں کام کرنے والے ملازمین صرف کام سے مطلب رکھتے تھے، ان کا کسی سے کوئی تنازعہ نہیں تھا، اس کے باوجود ان تینوں کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا۔
ان تینوں کے علاوہ بیچ بچاؤ کے لیے آنے والے چوتھے شخص کو بے رحمی سے قتل کردیا گیا تاہم مقامی باشندوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے گرفتار شخص کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔