ریاست ہریانہ کے کرنال میں نیشنل ہائی وے 44 پر بستارا گاؤں کے قریب خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ٹول پلازہ سے صرف سو میٹر کے فاصلے پر تیز رفتار ٹرک نے کار کو پیچھے سے ٹکر ماری۔ تصادم اتنا زبردست تھا کہ دیکھنے میں پانچ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے میں کار میں سوار تین افراد کی موت ہوگئی، جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔
کار کے اندر دو بچے دو خواتین اور ڈرائیور بری طرح پھنس گئے۔ جن کو ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد باہر نکالا گیا۔
گاڑیوں کے مابین ٹکراؤ دیکھ کر راہگیروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے کار میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی اور پولیس کو بھی اطلاع دی۔
مسافروں کا الزام ہے کہ اطلاع ملنے کے بعد بھی پولیس اور ایمبولینس کو پہنچنے میں ایک گھنٹہ لگا۔ جس کی وجہ سے مریضوں کو اسپتال لے جانے میں تاخیر ہوئی۔
اس تکلیف دہ حادثے میں ایک بچہ اور ایک خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ ایک خاتون نے دوران علاج دم توڑ دیا۔
اس حادثے میں ایک بچے اور دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ فی الحال پولیس نے مفرور ٹرک ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔