ریاست راجستھان کے جھالاواڑ اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ وسندھرا راجے اور ان کے فرزند رکن پارلیمنٹ دشینت سنگھ کی گمشدگی کے پوسٹر جھالاواڑ شہر اور جھالٹا پٹن کے علاقے میں چسپاں کیے گئے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں جہاں جہاں بھی گمشدگی کے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں وہاں پر دونوں ہی رہنماؤں کی تصویر ایک ساتھ میں لگائی گئی ہے۔
گمشدگی کے پوسٹروں کے نیچے ایک پیغام بھی لکھا گیا ہے کہ اگر کوئی وسندھرا راجے اور ان کے فرزند دشینت سنگھ کے بارے میں بتاتا ہے تو وہ شخص شاندار انعام کا مستحق ہوگا اور پوسٹر کے مطابق ’جھالاواڑ کی پریشان عوام‘ کی جانب سے گمشدگی کے پوسٹر کو چسپاں کیا گیا ہے۔
جب بی جے پی کے رہنماؤں کو گمشدگی کے پوسٹرس کے بارے میں معلوم ہوا تو فوراً پوسٹر ہٹانے کے لیے الگ الگ علاقوں میں پہنچ گئے لیکن مقامی لوگوں نے ان پوسٹروں کا ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مدھیہ پردیش کے چھندواڑہ علاقے میں ایم پی کے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ اور ان کے بیٹے کے پوسٹر لگائے گئے تھے۔