تلنگانہ کانگریس نے حکومت پر الزام لگایا کہ لاک ڈاون کے دوران غریب اور مزدوروں کی امداد کے وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔
تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس پر قابو پانے سے متعلق حکومت کے اقدامات اور اختیار کی جانے والی چوکسی ودیگرامور پر 15 یا 16 اپریل کوکانگریس کی جانب سے کل جماعتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
انھوں نے گاندھی بھون میں کانگریس کی تشکیل کردہ ٹاسک فورس کمیٹی کے اجلاس کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کیا۔
اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا سے متعلق کانگریس رہنما راہل گاندی نے12 فروری کو ہی حکومت کو آگاہ کیا تھا مگر مرکز نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا۔ جس کے نتیجے میں یہ صورتحال پیدا ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں 21 دنوں کے لاک ڈاون کے بعد بھی غریبوں اور مزدوروں کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔
وزیر اعلی کے چندر شیکھر راو نے غریبوں اور مزدوروں کے لیے امداد کا اعلان کیا تا مگر آج بھی کئی افراد امداد سے محروم ہیں۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا سفید راشن کارڈ رکھنے والوں کو 1500 کی امداد دینے کا اعلان کیا گیا تا لیکن اب تک مدد نہیں کی گئی، انھوں نے مزید کہا کہ چاول کی تقسیم بھی پوری نہیں ہوئی۔
اس سلسلے میں اتم کمار ریڈی نے کہا کہ غریب افراد کو دی گئی امداد سے متعلق رپورٹ ایک مکتوب کے ساتھ وزیر اعلی کو روانہ کی جائے گی۔