وزیر اعلی کے چندر شیکھر راو کی قیادت میں تلنگانہ کابینہ کا آج اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پر کابینہ نے شہریت ترمیمی قانون کو مذہبی امتیاز کا قانون قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مذکورہ قانون کے خلاف کیرل، پنجاب راجستھان مغربی بنگال،پڈوچیری نے بھی اپنی اسمبلیز میں قرار دا منظور کی ہے۔
اس قانون کو لیکر پورا ملک ہل گیا، دہلی کے شاہین باغ میں خواتین نےکڑاکے کی سردیوں میں شب وروز گزارے اور اسے واپس لینے کا آج تک مطالبہ کررہے ہیں۔ ریاست کیرل کی حکومت نہ صرف اس قانون کو امتیازی اور غلط قرار دیکر اسمبلی میں قرار داد منظور کیا بلکہ سپریم کورٹ میں اس کے خلاف عرضی بھی دی۔
راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت جئے پور کے شہید اسمارک پر شہریت ترمیمی قانون، این آرسی اور این پی آر کے خلاف جاری غیر معینہ دھرنے کے درمیان خطاب کے دوران کہا 'مجھے میرے والدین کی پیدائش کے بارے میں پتہ نہیں ہے۔ اس لئے سب سے پہلے نریندرمودی کے ڈٹینشن سینٹر میں راجسھتان سے جانے والا، اگر کوئی پہلا شخص ہوگا تو وہ میں رہوں گا۔'
مرکزی حکومت نے ایک طرف شہریت ترمیمی قانون کو منظور کیا جس کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کے غیر مسلم لوگوں کو شہریت دئں گے، تو دوسری جانب این آر سی ملک بھر میں کرنے کا منصوبہ کیا ہے جس سے ملک میں ایک قسم کی بے چینی اور عدم تحفظ کا ماحول بن گیا ہے۔
اب حکومت تلنگانہ نے بھی اس قانون کے خلاف اپنا فیصلہ سناکر مرکز کو ایک پیغام دیا ہے۔