اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر انچارج پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ نے کہا کہ کردار کے بعد سب سے اہم چیز صحت ہے۔ صحت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ یوگا کا تعلق صحت سے ہے۔ اس سے ذہنی اور جسمانی صحت حاصل ہوتی ہے۔ اس سے کوئی بھی باشندہ اپنے قوم، ملک، سماج کی ترقی میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ روزمرہ کی زندگی میں ڈسپلن رکھنے سے بہتر صحت کا حصول ممکن ہے۔
پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج نے صحت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی انسان کو تمام تر نعمتوں میں سے کسی ایک نعمت کا انتخاب کرنا پڑے تو سمجھ دار انسان صحت کو منتخب کرے گا۔ صحت اچھی ہوگی تب انسان اپنی ضروریات ہی نہیں بلکہ عبادت بھی بہتر انداز میں کر پائے گا۔ تاریخ کا حوالہ دے کر انہوں نے بتایا کہ اسپارٹا میں جسمانی صحت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس کے نتیجے میں وہاں پر بہترین لوگ پیدا ہوئے جن میں سکندر اعظم جیسی شخصیت بھی شامل ہے۔
پروفیسر ابوالکلام، صدر نشین اسپورٹس مانیٹرنگ کمیٹی نے کہا کہ تعلیم، کھیل کود اور ثقافتی سرگرمیوں کو یونیورسٹیوں میں بہتر طور پر فراہم کیا جانا چاہیے۔ ڈاکٹر کے وی راجہ شیکھر، یونیورسٹی آف حیدرآباد نے فزیکل فٹنس پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فزیکل فٹنس ہی نہیں فزیالوجیکل فٹنس کی بھی اہمیت ہے۔ یعنی انسان نہ صرف صحت مند نظر آئے بلکہ اس کے اندرونی اعضا بھی بہتر طور پر کام کریں۔
ڈاکٹر ارون کمار ساؤ، ڈی ایچ جی یو، ساگر، مدھیہ پردیش نے پرانایم، جسم اور دماغ میں تال میل کو یقینی بنانے کا ذریعہ“ کے زیر عنوان خطاب کیا۔ ڈاکٹر وجے کمار سنگھ، ڈی ایس وی وی، ہریدوار نے یوگا آسنوں کے نفسیاتی تجزیہ پر خطاب کیا۔ ڈاکٹر ریتو شرما، ایڈیٹر ان چیف، ”بیئنگ مائنڈفُل“، بھوپال نے ذہنی قوت اور صحت مندی پر بات کی۔
آن لائن پروگرام میں تقریباً 2200 شرکاء نے رجسٹر کرتے ہوئے حصہ لیا۔ڈاکٹر اے کلیم اللہ، ڈپٹی ڈائرکٹر نظامت و کنوینر ویبنار نے ڈاکٹر کے وی راجہ شیکھر کا تعارف پیش کیا اور آخر میں شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر اشوینی، اسوسیئٹ پروفیسر تعلیم و تربیت و کوآرڈنیٹر ویبنار نے ڈاکٹر ریتو شرما کا اور جناب جرار احمد، اسسٹنٹ پروفیسر تعلیم و تربیت نے ڈاکٹر وجئے کمار سنگھ کاتعارف پیش کیا۔ ڈاکٹر حبیب اللہ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر نظامت نے کاروائی چلائی اور ڈاکٹر ارون کمار ساؤ کا تعارف پیش کیا۔