بہار کے ضلع گیا میں راشٹریہ جنتا دل یوتھ ونگ کے ریاستی صدر قاری صہیب احمد نے ریاستی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت روزگار، مہنگائی، تشدد اور مذہبی منافرت کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
آر جے ڈی یوتھ ونگ کے ریاستی صدر قاری صہیب احمد نے آج گیا کا دورہ کر کے گذشتہ ماہ بہار اسمبلی کے گھیراو کے دوران پولیس کی کاروائی میں زخمی ہوئے نوجوانوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
انھوں نے یوتھ ونگ کے کارکنان کو عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرنے کی بات کہی اور کہا کہ جلد ہی یوتھ ونگ کی جانب سے احتجاج و مظاہرے کا اعلان کیا جائے گا اور حکومت جب تک پولیس اور افسران پر کاروائی نہیں کرے گی تب تک احتجاج ہوتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بہار اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی کو پیٹا گیا ہے وہ افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف وہی مطالبہ کر رہے ہیں جو بہار اسمبلی انتخابات کے دوران وزیراعلیٰ نتیش کمار اور وزیراعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا۔ 19 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کا مطالبہ ہے۔ ابھی تک ایک نوجوان کو بھی روزگار نہیں دیا گیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ بہار میں جرائم، قتل، اغوا، ڈکیتی اور قتل عام جیسی سنگین واردات پیش آرہی ہیں بہار میں نظم ونسق خراب ہیں اور پولیس شراب بیچنے میں مصروف ہے۔
قاری صہیب احمد نے حکومت پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی طبقہ کے لیے صرف کاغذی منصوبے چل رہے ہیں۔ زمینی سطح پر ایک بھی منصوبہ کامیاب نہیں ہے۔ ایک بھی بڑا کام ایسا نہیں ہے جس سے اقلیتی طبقے کو فائدہ ملا ہو۔ اس موقع پر راشٹریہ جنتا دل یوتھ ونگ کے متعدد رہنما اور کارکن موجود تھے۔