ریاست بہار کی سیاست کو تین دہائیوں سے قریب سے دیکھنے والے معروف سیاسی مبصر پروفیسر سید عبدالقادر نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں کم سیٹ پر کامیابی حاصل کرنا نقصان نہیں ہے بلکہ کبھی فائدے مند بھی ثابت ہوتا ہے۔
بہار میں این ڈی اے کے سیاسی حالات میں نتیش کمار کنگ بھی اور کنگ میکر بھی ہیں، کیونکہ بی جے پی کے پاس این ڈی اے میں سب سے زیادہ نشستیں ہونے کے باوجود اس کے پاس متبادل راستے نہیں ہیں، انتخابات سے قبل قیاس آرائی ہو رہی تھی کہ بی جے پی لوک جن شکتی پارٹی کو دس پندرہ نشستیں حاصل کرلینے پر چراغ پاسوان سے پریشر پولیٹکس کراکر نتیش کمار کو وزیراعلیٰ کی کرسی سے دور رکھنے میں کامیاب ہوگی تاہم ایسا ہوا نہیں ہے۔
نتیش کمار نے این ڈی اے میں اندرونی مخالفت کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آج وہ اس حالات میں ہیں کہ بغیر نتیش کمار کے این ڈی اے نامکمل ہے، عظیم اتحاد کے پاس جیتن رام مانجھی، مکیش سہنی اور اویسی کے ساتھ ملکر حکومت بنانے کے راستے تھے، تاہم بی جے پی کو جے ڈی یو کے علاوہ دوسرا راستہ نہیں ہے، ایک راستہ بی جے پی کے پاس آرجے ڈی کے ساتھ ملکر حکومت بنانے کا بچتا ہے تاہم موجودہ حالات میں وہ بھی ممکن نہیں ہے جبکہ نتیش کمار کے پاس عظیم اتحاد کے لیے راستے بچے ہیں، اسی لیے نتیش کمار بہار کی موجودہ سیاسی حالات میں کنگ بھی اور کنگ میکر دونوں پوزیشن پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نتیش کمار سیاست کے ماہر کھلاڑی ہیں انہیں آسانی کے ساتھ نہ تو بی جے پی آوٹ کرسکتی ہے اور نہ ہی وزیراعلیٰ بننے کے بعد اسٹمپ کے طور پر استعمال کرسکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ نتیش کمار نے بھی پریشر پولیٹکس شروع کر دی ہے، نتائج کے بعد نتیش کمار کے جو بیانات آئے ہیں اس کا تجزیہ کریں تو بی جے پی کے لیے نتیش کمار نے اشاروں میں کئی میسج دے دیا ہے۔
نتیش کمار بی جے پی کی مجبوری کو فراخ دلی بنانے کی روایت کو بھی توڑ رہے ہیں اور نتیش کمار نے بی جے پی کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بی جے پی سے ہی وزیراعلیٰ کا اعلان کروایا، عبدالقادر نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی پریشر پولیٹکس کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار نے بی جے پی کو انتخابات کے نتائج کے بعد اپنی پہلی تصویر سے اپنے عزم اور ارادے کا اظہار کردیا کہ بہار میں بی جے پی فلحال انکے بغیر نامکمل ہے۔
نتیش کی پہلی تصویر گیارہ نومبر کو جو عوامی سطح پر آئی تھی وہ بی جے پی اور سنگھ پریوار کو منھ چڑھانے والی تھی اور وہ تصویر مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر انکی تصویر پر گلپوشی کرتے ہوئے تھی، کیونکہ یہ کڑوا سچ ہے کہ بی جے پی اور سنگھ پریوار کو نہرو خاندان کے بعد کسی سے نفرت اور چڑھ ہے تو وہ مولانا ابوالکلام آزاد ہیں۔
نتیش کمار کے خیمے نے مولانا ابوالکلام آزاد کی تصویر پر گلپوشی کرتے ہوئے تصویر جاری کرکے بی جے پی کے لیے پیغام دیا ہے اور ویسے بھی سیاست میں اشاروں میں میسج دینے کا کھیل خوب ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج میں این ڈی اے کو عظیم اتحاد پر سبقت حاصل ہوئی ہے، این ڈی اے میں بی جے پی کو 74 نشستیں، جے ڈی یو کو 43 نشستیں، ہم پارٹی اور وی آئی پی پارٹی کو چار چار نشستیں حاصل ہوئی ہیں، این ڈی اے کو مجموعی طور پر 125 نشستیں حاصل ہوئی ہیں جبکہ عظیم اتحاد کو 110 نشستیں حاصل ہوئی ہیں جس میں آرجے ڈی کو 75 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔