بہار کے ضلع گیا ہیڈ کوارٹر میں ذاتی مردم شماری کے مطالبات کو لیکر راشٹریہ جنتا دل کے کارکنان نے مظاہرہ کیا۔ کلکٹریٹ کا گھیراؤ کرتے ہوئے آر جے ڈی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مردم شماری کا مطالبہ کیا۔
ریاست بہار میں ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کا معاملہ ان دنوں سرخیوں میں ہے۔ گیا کلکٹریٹ کے سامنے آج راشٹریہ جنتا دل کی طرف سے احتجاج و مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران سینکڑوں کارکنان اور رہنماؤں نے مظاہرہ کرتے ہوئے ریاستی و مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کا مطالبہ حکومت سے کیا۔ اس دوران پارٹی کے گیا انچارج نے کہا کہ مرکزی حکومت ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے سے اسلیے گھبرا رہی ہے کیونکہ حقیقت سامنے آجائے گی کی درج فہرست ذات وقبائل ذات کی تعداد نمایاں طور پر واضح ہوگی جس سے بی جے پی کو نقصان ہوگا، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ اپنی ذات بتا کر ذات کی دہائی دے رہے تھے اور آج مردم شماری کی بات آئی تو وزیر اعظم پیچھے ہٹ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ذاتی مردم شماری کو لےکر بات چیت جاری: شاہنواز حسین
واضح رہے کہ بہار میں جہاں اپوزیشن ذات کی بنیاد پر مردم شماری کا مطالبہ کررہاہے وہیں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کی حمایت کی ہے اور اس پر وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔