گیا: بہار پولیس اور حکومت سے برسوں سے مطالبہ ہوتا رہا ہے کہ امتحانات کے بعد جوابی شیٹس متعلقہ ویب سائٹس پر سلسلے وار طریقے سے جاری کئے جائیں حالانکہ جوابی شیٹس پولیس کے ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہوتے ہیں لیکن وہ پی ٹی سے لیکر فائنل تک کے تمام امتحانات ہونے پر کیے جاتے ہیں۔ لیکن برسوں سے پولیس داروغہ کی تیاریاں کرنے والوں کا مطالبہ رہا ہے کہ ہر امتحان کے بعد یعنی پی ٹی امتحان کے بعد سے ہی سوال نامہ اور جوابی شیٹس پولیس ویب سائٹ پر ڈالے جائیں تاکہ تیاری کرنے والوں کو اپنی کمیوں کو سدھارنے کاموقع مل سکے اور ساتھ ہی یہ پتہ چل سکے کہ فائنل امتحانات میں کتنے کٹ آف پر ریزرویشن والوں کو لیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں داروغہ مقابلہ جاتی امتحان کے پی ٹی امتحان پر کامیابی حاصل کرنے والے فردوس عالم نے ای ٹی وی بھارت اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ داروغہ 'مین' امتحان کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہیں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح ریلوے اور دیگر امتحانات کے جوابی شیٹس متعلقہ محکمہ کے ویب سائٹ پر جاری کردئے جاتے ہیں اسی طرح بہار پولیس مقابلہ جاتی امتحانات میں بھی جوابی شیٹس جاری کیے جائیں۔ پولیس محکمہ میں ایسا نہیں ہوتا ہے جس کی وجہ سے امتحان کی شفافیت پر دل میں شک پیدا ہوتاہے۔'
انہوں نے کہا کہ جوابی شیٹس پولیس ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے جاتے ہیں لیکن مین امتحان ہونے کے بعد ڈالے جاتے ہیں جبکہ ہونا یہ چاہیے کہ داروغہ کی بحالی سے متعلق جو امتحانات ہوتے ہیں اسے سلسلے وار طریقے سے ویب سائٹ پر ڈالا جائے۔ جس کے بہت سارے فائدے ہیں۔
واضح رہے کہ بی پی ایس ایس سی' بہار پولیس انڈر سروس کمیشن کے ذریعے داروغہ بھرتی' مین ' امتحان ہوناہے۔ داروغہ بحالی' مین 'امتحان تیرہ ضلعے کے سینٹرز پر دو شفٹوں میں ہونے ہیں، یہ امتحان پہلے کورونا وبا کی وجہ سے ملتوی کیے جا چکے ہیں، اس بھرتی امتحان کے ذریعے انسپکٹر رینک کے 2446 عہدے پر ہونگے۔ 22 دسمبر 2019 کو منعقد ابتدائی امتحان میں 50072 امیدوار کامیاب قرارپائے ہیں۔ اسی کو لیکر امیدوار اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں، عہدے بہت کم ہیں ایسی صورتحال میں مقابلہ سخت ہو گا، امیدواروں کو معمول سے زیاد کوشش کرنی ہوگی۔